تازہ ترین

صدر زرداری کی پاک چین تعلقات میں معاشی و صنعتی تعاون بڑھانے کی ہدایت

0

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطح کے روابط، عوامی رابطوں اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینا ضروری ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے ان خیالات کا اظہار چین کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی سے ملاقات کے دوران کیا، جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا نہایت اہم اور بنیادی پہلو ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود مضبوط سیاسی خیرسگالی کو عملی اقتصادی اور صنعتی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

آصف علی زرداری نے سی پیک کے دوسرے مرحلے میں بزنس ٹو بزنس تعاون پر توجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان جدید شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھایا جائے۔

انہوں نے جدید زراعت، مصنوعی ذہانت اور نئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا، خصوصاً ایسے منصوبوں پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا جن سے نوجوانوں کے لیے جدید مہارتوں، روزگار اور معاشی مواقع پیدا ہوسکیں۔

صدر مملکت نے چین میں پاکستان کے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ چینی حکومت کے متعلقہ اداروں، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت، تھنک ٹینکس، تعلیمی اداروں اور دیگر اہم حلقوں کے ساتھ فعال اور مسلسل رابطہ برقرار رکھیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جس میں طلبہ کے باہمی تبادلے اور دیگر عوامی سطح کے رابطے شامل ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے چینی صدر شی جن پنگ کے آئندہ سال شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے کی توقع کا بھی اظہار کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.