اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور انڈونیشیا کی بحری افواج کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے خدمات کے اعتراف میں انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کو نشان امتیاز (ملٹری) سے نواز دیا۔
ایوان صدر میں اعزاز دینے کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، اراکین پارلیمنٹ اور سفارتی برادری کے ارکان نے شرکت کی۔
تقریب کے بعد ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جہاں صدر نے انہیں اعلیٰ فوجی اعزاز ملنے پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور مضبوط تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلیو اکانومی اور سمندری شعبے کی باہمی ترقی میں وسیع امکانات موجود ہیں، جنہیں بھرپور انداز میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان نیوی کی جانب سے منعقد کی جانے والی مشقوں میں انڈونیشیا کی بحریہ کی باقاعدہ شرکت کو بھی سراہا۔
انڈونیشیا کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) چندر ڈبلیو سوکوتجو بھی ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کے ہمراہ تھے۔
دریں اثنا، انڈونیشین نیول چیف نے جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور پیشہ ورانہ تربیت، دفاعی اشتراک اور مشترکہ مشقوں کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں سمیت انڈونیشیا کے ساتھ دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔