بارشوں کا نیا اسپیل، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع متاثر ہونے کا امکان
اسلام آباد: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کے بعد متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ، فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان کے مطابق 12 سے 17 ستمبر کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں۔ راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش کا امکان ہے، جبکہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں بھی بارش متوقع ہے۔
ترجمان کے مطابق خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارش کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب محمد سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو موسمی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت تمام متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، کچے اور بوسیدہ مکانات میں رہائش سے گریز اور غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہنے اور گرج چمک و طوفانی موسم کے دوران کھلے مقامات پر نہ جانے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب جانے سے روکیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی 12 سے 17 ستمبر کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 14 سے 17 ستمبر کے دوران بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث فلیش فلڈ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ پشاور، مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کررہا ہے۔ خیبرپختونخوا میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔