ماریہ واسطی کو پرائیڈ آف پرفارمنس کیلئے نامزد کردیا گیا
کراچی: پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ ماریہ واسطی کو صدارتی اعزاز ’پرائیڈ آف پرفارمنس‘ کے لیے نامزد کیے جانے پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ یہ اعزاز ان کے طویل فنی سفر میں ایک یادگار لمحہ ہے۔
ماریہ واسطی نے حکومت پاکستان کی جانب سے نامزدگی پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی سطح پر ملنے والی یہ پذیرائی ان کی برسوں کی محنت اور اداکاری کے شعبے میں خدمات کا اعتراف ہے۔
ماریہ واسطی پاکستانی ڈراما اور فلمی صنعت میں اپنی جاندار اداکاری، مختلف نوعیت کے کرداروں اور ٹیلی وژن پر نمایاں کارکردگی کے باعث ایک منفرد مقام رکھتی ہیں۔ انہوں نے اداکاری کے ساتھ ٹیلی وژن کی میزبانی بھی کی اور مختلف مقبول منصوبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ تفریحی صنعت میں کئی برس گزارنے کے بعد قومی اعزاز کے لیے زیرِ غور آنا ان کے لیے انتہائی معنی خیز ہے۔ ان کے مطابق یہ اعتراف ان کے پیشہ ورانہ سفر کی ایک خاص کامیابی کے طور پر ہمیشہ یاد رہے گا۔
ماریہ واسطی نے حکومت پاکستان کے ساتھ اپنے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے کام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نامزدگی ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ اسے اپنے فنی سفر کا ایک یادگار سنگِ میل سمجھتی ہیں۔