اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ترقیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صحت، پولیو، غذائیت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں سمیت مختلف شعبوں میں گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد میں کلپنا کوچر اور انیتا زیدی شامل تھیں۔
وزیراعظم نے پاکستان کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک پولیو کے مکمل خاتمے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے پولیو، صحت، غذائیت، مالیاتی شمولیت اور کمزور طبقات کی فلاح کے لیے فاؤنڈیشن کے کردار کو بھی قابل قدر قرار دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں، غذائی تحفظ، زچہ و نوزائیدہ صحت، غربت کا خاتمہ اور موسمیاتی تبدیلی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیش لیس اکانومی حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کی زندگی آسان بنانا، حکومتی نظام میں شفافیت بڑھانا اور مستحقین تک سرکاری رقوم بروقت پہنچانا ہے۔
وزیراعظم نے خواتین کی مالیاتی شمولیت اور معاشی خودمختاری کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ مزید اقدامات پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں جانب سے تعاون اور شراکت داری کو مزید مؤثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔