تازہ ترین

پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثوں کیلئے شریعہ رہنمائی حاصل کی جائے گی، وزیر مملکت

0

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے ڈیجیٹل اثاثہ جات بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں کے لین دین سے متعلق شرعی رہنمائی حاصل کرنے کیلئے جلد شریعہ ایڈوائزری بورڈ قائم کیا جائے گا۔

نیوز کانفرنس میں بلال بن ثاقب نے بتایا کہ ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں کے معاملے پر مفتی اعظم پاکستان کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور تمام متعلقہ معاملات میں شریعہ اصولوں کے مطابق رہنمائی حاصل کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ترسیلات زر کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم کی لاگت میں نمایاں کمی لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وزیر مملکت کے مطابق اس وقت ترسیلات زر کی لاگت تقریباً 6.5 فیصد ہے، جسے کم کرکے ایک فیصد تک لانے کا ہدف ہے۔ اس اقدام سے سالانہ تقریباً 41 کروڑ ڈالر کی بچت ممکن ہوسکتی ہے۔

بلال بن ثاقب نے بتایا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثوں کے استعمال اور توسیع کیلئے تقریباً 4 کروڑ صارفین کی گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران مؤثر اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.