اسلام آباد میں شہریوں کے تحفظ اور پولیسنگ کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اہم اقدام سامنے آیا ہے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے دارالحکومت پولیس کے لیے 50 برقی گاڑیاں حوالے کردیں۔ یہ گاڑیاں نئی قائم کی گئی کیپیٹل پٹرول فورس کے تحت گشت اور شہریوں کی فوری مدد کے لیے استعمال کی جائیں گی۔
تقریب میں وزیراعظم نے گاڑیوں کی چابیاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کے حوالے کیں۔ وفاقی وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شہریوں اور ان کی املاک کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید پولیسنگ کی ضروریات کے مطابق وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ انہوں نے محسن نقوی کی جانب سے پولیس کے نظام کو جدید بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے خواہش ظاہر کی کہ اسلام آباد پولیس کو ملک کے دیگر پولیس محکموں کے لیے ایک مثالی فورس بنایا جائے۔ ان کے مطابق جدید آلات اور بہتر وسائل سے دارالحکومت میں شہریوں کے لیے زیادہ محفوظ ماحول پیدا کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ برقی گاڑیوں کے استعمال سے پولیس کی سرگرمیوں کے ماحولیاتی اثرات بھی کم ہوں گے۔
تقریب کے دوران آئی جی اسلام آباد پولیس نے وزیراعظم کو کیپیٹل پٹرول فورس کے بارے میں بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق نئی فورس 200 اہلکاروں پر مشتمل ہوگی اور ہر گشتی یونٹ میں ایک مرد اور ایک خاتون افسر شامل ہوں گے، جبکہ موٹر سائیکل پر گشت کرنے والے اہلکار بھی فوری کارروائی اور نگرانی کے فرائض انجام دیں گے۔
حکام نے بتایا کہ کیپیٹل پٹرول فورس کے تمام اہلکاروں کو جسم پر نصب کیمرے بھی فراہم کیے جائیں گے، جن کا مقصد پولیس کارروائیوں میں شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنانا ہے۔
نئی فراہم کی گئی 50 برقی گاڑیاں مکمل طور پر بجلی سے چلیں گی، جس سے ایندھن کے استعمال میں نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔ حکام کے مطابق ان گاڑیوں کے استعمال سے پولیس کے روزمرہ اخراجات میں بھی خاطر خواہ کمی لائی جاسکتی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ برقی گاڑیوں کے ذریعے ماہانہ تقریباً 3 کروڑ 40 لاکھ روپے کے ایندھن کے اخراجات کی بچت متوقع ہے، جبکہ ایندھن کی بچت سے گاڑیوں کی لاگت تقریباً ساڑھے 10 ماہ میں پوری ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو جدید پولیسنگ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور شہریوں کو بہتر اور محفوظ خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔