نیپال میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 100 ٹن امدادی سامان کھٹمنڈو روانہ کر دیا۔ امدادی سامان این ڈی ایم اے کی جانب سے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے نیپال بھیجا گیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نیپال کیلئے امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں نیپال کے سفیر سمیت این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور فلاحی اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
پاکستان کی جانب سے نیپال بھیجے جانے والے 100 ٹن امدادی سامان میں خیمے، کمبل، میٹس، حفظانِ صحت کی کٹس اور ضروری ادویات شامل ہیں، تاکہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کی جا سکے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں نیپال اور اس کے سیلاب متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔a