لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی حماد اظہر کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق انہیں حراست میں لینے کے بعد لاہور پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر کو آر اے بازار کے قریب ان کے ایک قریبی دوست کے گھر سے حراست میں لیا گیا۔ انہیں 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق مختلف مقدمات میں مطلوب قرار دیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد اظہر 9 مئی کے جی او آر گیٹ حملہ کیس میں بھی مطلوب تھے، جبکہ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عدم پیشی پر انہیں اشتہاری قرار دے رکھا تھا اور ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق گرفتاری کے بعد حماد اظہر کو تفتیشی شعبے کے حوالے کردیا گیا ہے۔ وہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق 50 سے زائد مقدمات میں بھی نامزد ملزم ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد اظہر نے گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کے لیے بھی رجوع کر رکھا تھا۔
حماد اظہر 9 مئی کے واقعات کے بعد طویل عرصے تک منظر عام سے دور رہے۔ گرفتاری کی موجودہ کارروائی کے حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں مقدمات میں قانونی کارروائی کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کیا گیا ہے۔
حماد اظہر کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب کی صدارت کی ذمہ داری بھی سونپی گئی تھی، تاہم مختلف مقدمات کے اندراج کے بعد انہوں نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔