تازہ ترین

کویت پر ایران کا تازہ حملہ، میزائل اور ڈرون داغ دیے گئے

0

کویت: ایران نے امریکی حملوں کے جواب میں کویت میں امریکی فوجی تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران کے خلاف دوبارہ کارروائی کے لیے تیار رہنے کا اعلان کیا ہے۔ 

کویتی حکام کے مطابق جمعرات کی صبح ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملہ کیا گیا، تاہم کویت کے فضائی دفاعی نظام نے حملے کو روک دیا۔ کویتی فوج نے کارروائی کو اپنی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ 

ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے کویت کے احمد الجابر فضائی اڈے پر موجود امریکی اثاثوں کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔ تہران نے خطے میں بحرین، اردن اور عراق سمیت دیگر مقامات پر بھی امریکی اہداف کے خلاف کارروائیوں کا دعویٰ کیا ہے۔ 

ایرانی کارروائی امریکی حملوں کے ردعمل میں کی گئی۔ تہران نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملے میں آبنائے ہرمز کے قریب ایک شادی کی تقریب کو بھی نقصان پہنچا، جس میں ایرانی حکام کے مطابق متعدد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے واقعے کی تحقیقات کی تصدیق کی ہے۔ 

دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کے لیے تیار ہے۔ واشنگٹن کا مؤقف ہے کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کے باعث امریکی کارروائی ضروری تھی۔ 

ایران اور امریکا کے درمیان تازہ کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے، جبکہ خطے میں مزید فوجی کشیدگی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.