تازہ ترین

سندھ ایک تھا، ایک ہے اور ایک رہے گا، فریال تالپور

0

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سندھ اسمبلی کی رکن فریال تالپور نے کہا ہے کہ سندھ کی وحدت اور سالمیت پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا، حکومت اور اپوزیشن کو اس اہم معاملے پر ایک واضح اور متفقہ مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔

سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے فریال تالپور نے کہا کہ نثار کھوڑو کی جانب سے پیش کی گئی تحریک التوا نے تمام ارکان کو سندھ کی وحدت جیسے اہم معاملے پر ایک ساتھ بیٹھ کر تفصیلی بحث کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن ارکان بھی تحریک التوا کی حمایت کریں گے۔

فریال تالپور کا کہنا تھا کہ سندھ کی تقسیم یا نئے صوبوں کے قیام کی بات انتہائی تشویش ناک ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا مؤقف واضح ہے کہ سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دیا جائے گا اور صوبے کی وحدت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے منتخب نمائندوں کو اپنے اپنے حلقوں میں عوام کو جواب دینا ہوگا کہ انہوں نے سندھ کی وحدت کے معاملے پر کیا مؤقف اختیار کیا۔ تمام ارکان اسمبلی کو صوبے کے اتحاد اور سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

فریال تالپور نے کہا کہ سندھ کی وحدت کے لیے ضرورت پڑی تو استعفیٰ دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے، حتیٰ کہ اسمبلی رکنیت کی قربانی بھی دینی پڑی تو پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ سندھ کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کسی کی جاگیر نہیں اور نہ ہی کسی کے فائدے کے لیے اسے تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ صوبے میں رہنے والا ہر شخص، خواہ وہ پشتون ہو، اردو بولنے والا ہو یا ہندو برادری سے تعلق رکھتا ہو، سندھ کا حصہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ ان کا گھر ہے اور ان کا تعلق اس سرزمین سے نسلوں پر محیط ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ نے انہیں شناخت، محبت اور اپنائیت دی، اس لیے اس سرزمین کی وحدت اور سالمیت کا تحفظ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ضروری ہے۔

فریال تالپور نے ارکان اسمبلی پر زور دیا کہ وہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قربانیوں کو بھی سامنے رکھیں اور سوچیں کہ اگر آج ان سے سندھ کے لیے کیے گئے کردار کے بارے میں سوال کیا جائے تو وہ کیا جواب دیں گے۔

انہوں نے تالپور خاندان کی سندھ کے دفاع کے حوالے سے تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میر شیر محمد تالپور نے برطانوی اقتدار کے خلاف سندھ کے دفاع کے لیے جدوجہد کی اور انہیں ’’شیر سندھ‘‘ کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔

فریال تالپور نے کہا کہ اگر انتظامی معاملات میں بہتری مقصود ہے تو نئے صوبے بنانے کے بجائے بلدیاتی نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جائے۔ اختیارات اور وسائل نچلی سطح تک منتقل کرنے سے عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے نثار کھوڑو کی جانب سے سندھ کی وحدت کے لیے پیش کی گئی قرارداد کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی وحدت کے معاملے پر سب کو متحد ہو کر واضح پیغام دینا ہوگا کہ سندھ ایک تھا، سندھ ایک ہے اور سندھ ایک رہے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.