تازہ ترین

اسحاق ڈار کی نومنتخب او آئی سی سیکریٹری جنرل سے ٹیلیفونک گفتگو

0

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم کے نومنتخب سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں اتفاق رائے سے انتخاب پر مبارکباد دی۔

گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور امید ظاہر کی کہ نئے سیکریٹری جنرل مسلم امہ کے مفادات کے فروغ اور فلسطین و جموں و کشمیر سمیت باہمی دلچسپی کے اہم مسائل کے حل کیلئے مؤثر کردار ادا کریں گے۔

اسماعیل ولد شیخ احمد نے اپنی نامزدگی کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور اسلامی تعاون تنظیم میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایران تنازع کے خاتمے کیلئے کوششوں کی بھی تعریف کی۔

نومنتخب سیکریٹری جنرل نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر بھی اسحاق ڈار کو مبارکباد دی اور اسے خطے میں امن و سلامتی کے حوالے سے اہم قرار دیا۔

دونوں رہنماؤں نے اسلامی تعاون تنظیم کے کردار کو مزید مضبوط بنانے اور مسلم امہ کی خدمت کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں جانب سے آئندہ بھی رابطہ اور جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.