تازہ ترین

بیلجیئم میں خطرے کی گھنٹی، 20 لاکھ انڈے مارکیٹ سے واپس

0

رپورٹس کے مطابق ملک میں سالمونیلا کے پھیلاؤ سے کم از کم 306 افراد متاثر ہوئے ہیں اور انہیں پیٹ کی بیماری کی شکایات کے باعث اسپتالوں سے رجوع کرنا پڑا۔ حکام نے اس صورتحال کو ملک میں سالمونیلا کے غیر معمولی پھیلاؤ سے تعبیر کیا ہے۔

بیلجیئم کی فوڈ سیفٹی ایجنسی کے مطابق آلودگی کا پہلی بار مئی میں پتا چلا تھا، جس کے بعد متاثرہ انڈے واپس منگوانے کے ساتھ فلینڈرز میں واقع پولٹری فارم کے ایک حصے کو بند کردیا گیا۔

بعد ازاں مزید افراد میں انفیکشن کی تصدیق ہونے پر پورے فارم کو بند کردیا گیا۔ حکام نے 10 اگست کو ایک مرتبہ پھر انڈے واپس منگوائے اور فارم میں موجود تمام مرغیوں کو تلف کردیا گیا۔

حکام کے مطابق تقریباً 20 لاکھ مشتبہ انڈے بیلجیئم کے علاوہ پڑوسی ملک لکسمبرگ میں بھی فروخت کیے گئے تھے۔ لکسمبرگ کے متعلقہ حکام نے بھی متاثرہ انڈوں کو مارکیٹ سے واپس منگوانے کا عمل شروع کردیا ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق انڈوں کو اچھی طرح پکانے سے سالمونیلا انفیکشن کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ واپس منگوائے گئے انڈوں کا استعمال نہ کریں اور مشتبہ مصنوعات کی صورت میں متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔

سالمونیلا ایک بیکٹیریا ہے جو آلودہ خوراک کے ذریعے انسانوں میں انفیکشن کا سبب بن سکتا ہے۔ اس کی عام علامات میں اسہال، بخار، پیٹ میں مروڑ، درد اور بعض صورتوں میں قے شامل ہیں۔ علامات عموماً انفیکشن کے 12 سے 72 گھنٹے بعد ظاہر ہوسکتی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہری اگر سالمونیلا سے ملتی جلتی علامات محسوس کریں تو خود علاج کرنے کے بجائے ڈاکٹر سے طبی مشورہ حاصل کریں۔ سالمونیلا سے متاثرہ انڈے استعمال کرنے سے گریز اور خوراک کو مناسب طریقے سے پکانا انفیکشن سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.