تازہ ترین

پاکستان آرمی نے 40 گولڈ میڈلز جیت کر نیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا ٹائٹل برقرار رکھا

0

پاکستان آرمی نے تائیکوانڈو کے قومی مقابلوں میں اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے 19ویں کورین ایمبیسڈر نیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا ٹائٹل 40 طلائی تمغوں کے ساتھ دوبارہ جیت لیا۔ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقدہ چیمپئن شپ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے دوسری جبکہ پاکستان ایئر فورس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کومبیکس کے زیر اہتمام منعقدہ چیمپئن شپ کے اختتامی روز آرمی کے ڈائریکٹر فٹنس اینڈ اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر ظفر محمود عباسی اور پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل نیبل احمد رانا سمیت سید عون عباس، صداقت حسین، شمیم جدون اور محمد زبیر نے کامیاب کھلاڑیوں اور ٹیموں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

میڈلز ٹیبل کے مطابق پاکستان آرمی 40 گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن پر رہی۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے دو طلائی، 12 چاندی اور 11 کانسی کے تمغے جیت کر دوسری، جبکہ پاکستان ایئر فورس نے ایک طلائی، چار چاندی اور آٹھ کانسی کے تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مردوں کے پلس 87 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں آرمی کے حمزہ عمر سعید نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے محمد حسنین کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا، جبکہ پنجاب کے حمزہ اقبال اور آزاد کشمیر کے عمران خان نے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔

مائنس 54 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے محمد یاسر نے آرمی کے عبدالرؤف کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

خواتین کے مائنس 49 کلوگرام مقابلوں میں آرمی کی فاطمہ زہرا نے طلائی تمغہ جیتا، جبکہ ایچ ای سی کی حمیدہ نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ آزاد کشمیر کی عروہ بٹ اور پنجاب کی نائلہ ندیم کانسی کے تمغے جیتنے میں کامیاب رہیں۔

خواتین کی مائنس 53 کلوگرام کیٹیگری میں آرمی کی نقش ہمدانی نے ایچ ای سی کی صابرہ بی بی کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔ اسی طرح مائنس 73 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں آرمی کی مائزہ امتیاز بٹ نے ایئر فورس کی نصرت کو ہرا کر طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.