سری لنکا اے نے بھارت اے کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی
ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز چیمپیئن شپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا اے نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت اے کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
جمعرات کو دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ناک آؤٹ مقابلے میں سری لنکا اے نے بھارت اے کی جانب سے دیا گیا 318 رنز کا ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 51 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ اس کامیابی میں سینتھ جے وردھنے اور لاستھ کروسپلے کی جارحانہ سنچریوں نے اہم کردار ادا کیا۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا اے کو اوپنرز سینتھ جے وردھنے اور لاستھ کروسپلے نے بہترین آغاز فراہم کیا۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر سینتھ جے وردھنے نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 19ویں اوور میں محض 62 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی، تاہم اس سنگ میل کے کچھ ہی دیر بعد وہ شہباز احمد کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
انہوں نے 70 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 105 رنز بنائے۔ دوسری جانب لاستھ کروسپلے نے وکٹ کیپر بیٹر نشان مدھوشکا کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 91 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
کروسپلے 36ویں اوور میں ہرشت رانا کی گیند پر آؤٹ ہونے سے قبل 107 گیندوں پر 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 116 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان پون رتنائیکے نے کریز سنبھالی اور نشان مدھوشکا کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے ناقابل شکست 53 رنز کی شراکت قائم کی اور 42ویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔
نشان مدھوشکا 56 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ کپتان پون رتنائیکے نے صرف 16 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 باؤنڈریز کی مدد سے ناقابل شکست 31 رنز اسکور کیے۔ بھارت اے کی جانب سے شہباز احمد اور ہرشت رانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بھارت اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنائے تھے۔ اوپنر ابھیشیک شرما، کپتان تلک ورما اور آل راؤنڈر شہباز احمد نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
ابھیشیک شرما 63 گیندوں پر 78 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ شہباز احمد نے 48 گیندوں پر ناقابل شکست 54 اور کپتان تلک ورما نے 66 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔
ان کے علاوہ 15 سالہ اوپنر ویبھو سوریا ونشی نے 40 رنز بنائے، جبکہ آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے تنوش کوٹیان نے 28 رنز کا حصہ ڈالا۔
سری لنکا اے کی جانب سے نپون دھننجایا، جنتھ لیاناگے اور رویندو فرنینڈو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ گاروکا سنکیتھ اور لاہیرو سماراکون نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
فائنل میں سری لنکا اے کا مقابلہ اتوار کو بنگلہ دیش اے یا دفاعی چیمپیئن پاکستان شاہینز سے ہوگا۔ دونوں ٹیمیں جمعہ کو دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
یاد رہے کہ گروپ مرحلے میں بھی بھارت اے کو پاکستان شاہینز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ اب سری لنکا اے کے خلاف سیمی فائنل میں ناکامی کے بعد بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہے۔