تازہ ترین

پشاور میں پولیس کارروائیاں، دو مبینہ ملزمان ہلاک، ایک زخمی حالت میں گرفتار

0

پشاور میں پولیس نے آپریشن ’اسٹریٹ فائٹ‘ کے تحت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے دو مبینہ ملزمان کو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ انقلاب، تھانہ شرقی اور تھانہ شاہ پور کی حدود میں ہونے والے پولیس مقابلوں کے دوران دو ملزمان ہلاک ہوئے جبکہ ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت سیف اللہ ولد حکیم اللہ، سکنہ کگہ ولہ، اور روح اللہ ولد عالم، سکنہ تہکال کے نام سے کی ہے۔

زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت ذیشان ولد فرید اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو پشتخرہ پایاں کا رہائشی اور حالیہ طور پر یاسین آباد میں مقیم بتایا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک اور زخمی حالت میں گرفتار ملزمان متعدد سنگین وارداتوں اور مقدمات میں مطلوب تھے۔

کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور پُرامن ماحول کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.