تازہ ترین

انتخابی اصلاحات کمیٹی، حکومت نے مساوی نمائندگی کا فارمولا مسترد کردیا

0

الیکشن ریفارمز کمیٹی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو برابر نمائندگی دینے سے حکومت کے انکار کی وجوہات سامنے آگئی ہیں۔ حکومتی مؤقف کے مطابق اس فیصلے کی بنیاد پارلیمان میں جماعتوں کی عددی نمائندگی، اتحادی جماعتوں کے حقوق، ماضی کی روایات اور کمیٹی میں فیصلہ سازی کا عمل ہے۔

حکومتی مؤقف کے مطابق پارلیمان میں نمائندگی برابری کے بجائے نشستوں کی تعداد کے تناسب سے طے ہوتی ہے۔ حکومت اور اس کے اتحادیوں کے پاس 200 سے زیادہ نشستیں ہیں، جبکہ پی ٹی آئی بطور جماعت پارلیمان میں ایک بھی نشست نہیں رکھتی۔ اس لیے کمیٹی میں بھی اکثریت رکھنے والے فریق کو زیادہ نمائندگی ملنی چاہیے، کیونکہ حکومت اسے جمہوری اصول قرار دیتی ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ الیکشن ریفارمز کمیٹی صرف مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی پر مشتمل نہیں، بلکہ اس میں پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، جمعیت علمائے اسلام، استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ (ق) بھی شامل ہیں۔

حکومتی مؤقف میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کو کمیٹی میں 50 فیصد نمائندگی دے دی جائے تو باقی چھ جماعتوں کو دیگر 50 فیصد میں جگہ دینا ہوگی۔ حکومت کے مطابق ایسا کرنا پیپلز پارٹی اور دیگر اتحادی جماعتوں کے مینڈیٹ کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہوگا۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ صرف ایک جماعت کے بجائے تمام سیاسی جماعتوں کے حقِ نمائندگی کو مدنظر رکھ رہی ہے۔

حکومت نے ماضی کی مثالیں دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2017 میں بھی الیکشن ریفارمز کمیٹی نشستوں کے تناسب سے تشکیل دی گئی تھی، نہ کہ 50، 50 فیصد برابری کی بنیاد پر۔ اسی طرح 2021 میں پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں بھی اپوزیشن کو کمیٹی میں مساوی نمائندگی نہیں دی گئی تھی۔ اس وقت اسحاق ڈار اور یوسف رضا گیلانی کو بھی تناسب کے مطابق نمائندگی دی گئی تھی۔

حکومتی مؤقف کے مطابق جب پی ٹی آئی نے اپنے دورِ اقتدار میں اپوزیشن کو مساوی نمائندگی نہیں دی تو اب اس کا ایسا مطالبہ درست نہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ماضی کی روایت برقرار رہنی چاہیے۔

حکومت نے 50، 50 فیصد نمائندگی کے فارمولے پر یہ اعتراض بھی اٹھایا ہے کہ اس سے کمیٹی میں فیصلہ سازی کا عمل متاثر ہوسکتا ہے۔ حکومتی مؤقف کے مطابق ہر شق پر ووٹنگ برابر ہونے کی صورت میں قانون سازی کا عمل رکنے کا خدشہ ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد انتخابی اصلاحات کی منظوری ہے، جبکہ اس کے بقول پی ٹی آئی اصلاحات کا عمل روکنا چاہتی ہے تاکہ یہ مؤقف اختیار کیا جاسکے کہ نظام ناکام ہوگیا۔ حکومتی فریق کے مطابق اسی حکمت عملی کو مدنظر رکھتے ہوئے برابری کا فارمولا مسترد کیا گیا ہے۔

مزید برآں حکومتی مؤقف میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اس وقت پارلیمانی پارٹی کے طور پر رجسٹرڈ نہیں اور اس کے ارکان سنی اتحاد کونسل کے نام سے پارلیمان میں بیٹھے ہیں۔ حکومت نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو پہلے اپنی پارلیمانی حیثیت واضح کرنی چاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.