متحدہ عرب امارات میں خوفناک حادثہ،ٹرک اور 23 گاڑیوں میں تصادم، 14 افراد جاں بحق، 30 زخمی
متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں ٹرک اور متعدد گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے، جبکہ حادثے کے بعد ٹرک میں لگنے والی آگ نے کئی گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اماراتی وزارت داخلہ کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرک ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ بے قابو ٹرک پہلے ایک گاڑی سے ٹکرایا اور بعد ازاں ٹریفک کی سست رفتاری کے باعث سڑک پر رکی ہوئی دیگر گاڑیوں سے جا ٹکرایا۔
حکام کے مطابق حادثے میں پانچ ٹرکوں سمیت مجموعی طور پر 23 گاڑیاں متاثر ہوئیں۔ تصادم کے بعد ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی، جو تیزی سے دوسری گاڑیوں تک پھیل گئی اور بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا سبب بنی۔
فجیرہ پولیس کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 30 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے نصف کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھر بھیج دیا گیا، جبکہ دیگر زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں اماراتی اور بھارتی شہری بھی شامل ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں بھارتی قونصل خانے نے اپنے شہریوں کی اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں سے رابطہ کیا گیا ہے اور مقامی حکام کے تعاون سے انہیں ضروری مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں میں اماراتی، عمانی، بھارتی، برازیلی، پاکستانی، اردنی اور مصری شہری شامل ہیں۔ حادثے کے فوری بعد پولیس، طبی امداد اور شہری دفاع کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جہاں آگ پر قابو پانے کے ساتھ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا اور سڑک کو محفوظ بنایا گیا۔