بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سیاسی معاملات محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات کے ذریعے آگے بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے بیرسٹر گوہر کی مفاہمتی پالیسی کی تائید کرتے ہوئے پارلیمانی پارٹی کو سیاسی معاملات پر مذاکرات کا اختیار بھی دے دیا ہے۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی تقریباً چار گھنٹے طویل ملاقات ہوئی، جو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی۔ ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے بتایا کہ ملاقات میں عمران خان کی صحت اور زیر التوا مقدمات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ان کے مطابق عمران خان کو آنکھ اور بلڈ پریشر کا مسئلہ درپیش ہے، تاہم ملاقات کے دوران ان کا عزم مضبوط تھا اور وہ چاق و چوبند دکھائی دیے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں 28ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر بھی غور کیا گیا اور اتفاق کیا گیا کہ ترامیم کی باضابطہ تفصیلات سامنے آنے کے بعد ہی اس بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے نئے صوبوں کے قیام کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے اسے ملک کے مفاد میں قرار دیا۔ انہوں نے بشریٰ بی بی سمیت تمام خواتین اسیران کی رہائی کے لیے قانونی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
دوسری جانب جیل ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ملاقات کو کسی خفیہ سیاسی سرگرمی یا پس پردہ ڈیل سے جوڑنا محض قیاس آرائی ہے۔