تازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ پہنچ گئے، COP31 لیڈرز سمٹ میں آج شرکت کریں گے

0

انطالیہ: وزیراعظم شہباز شریف عالمی ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز پر پاکستان کا مؤقف پیش کرنے اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے ترکیہ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق کنونشن کے 31ویں اجلاس (COP31) کے لیڈرز سمٹ میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف منگل کو ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچے، جہاں ترکیہ کے نائب وزیر ثقافت و سیاحت گوکھان یازگی، پاکستان کی نامزد سفیر آمنہ بلوچ اور سینئر ترک حکام نے ان کا استقبال کیا۔

سمٹ کے دوران وزیراعظم پاکستان کی موسمیاتی ترجیحات کو اجاگر کریں گے اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر عالمی اقدامات اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف ’35 بائی 35: پاورنگ دی فیوچر‘ کے عنوان سے صاف توانائی کی منتقلی اور الیکٹریفکیشن کے موضوع پر ہونے والے اعلیٰ سطحی مکالمے سے بھی خطاب کریں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم کی ترک صدر رجب طیب اردوان اور دیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی طے ہیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور، موجودہ علاقائی و عالمی صورتحال اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دریں اثنا COP31 کے مقام پر پاکستان پویلین بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں مختلف موضوعات پر 54 تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

پاکستان نے عالمی موسمیاتی سفارتکاری میں بھی فعال کردار ادا کیا ہے، جس میں COP27 کے دوران لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام کے لیے کوششوں میں تعاون شامل ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.