تازہ ترین

پاکستان اور سعودی عرب کا مشترکہ سرمایہ کاری فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ

0

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل نے دونوں ممالک کے نجی سرمایہ کاروں کے اشتراک سے سعودی پاکستان پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے ہیں۔ مجوزہ فنڈ کی مالیت سیکڑوں ملین ہوگی، جبکہ مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع کے مطابق اس کا حجم بڑھایا جاسکے گا۔

کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان دوستی اور برادرانہ تعلقات کے ایسے مضبوط رشتے میں بندھے ہیں جو کسی بھی معاہدے سے کہیں زیادہ گہرے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ فنڈ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مضبوط تجارتی بنیاد فراہم کرے گا۔

شہزادہ منصور نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کا فطری شراکت دار ہے اور سعودی سرمایہ کار ایسے شراکت داروں اور منڈیوں کی تلاش میں ہیں جہاں وہ اعتماد کے ساتھ ترقی اور سرمایہ کاری کرسکیں۔ ان کے مطابق پاکستان کی معیشت کا جائزہ لینے کے بعد انہیں زیادہ مستحکم معاشی صورتحال اور سرمایہ کاری کے حقیقی مواقع نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کا مشترکہ اقدام برسوں کے غور و فکر کو عملی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کی کوشش ہے، جس سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں گے اور دیرپا اقتصادی شراکت داری کو فروغ ملے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے کہا کہ مجوزہ فنڈ پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع پر اعتماد کا اظہار ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کے بارے میں طویل عرصے سے پائے جانے والے تاثرات نے معاشی حقائق کو دھندلائے رکھا، تاہم یہ معاہدہ ظاہر کرتا ہے کہ سنجیدہ سرمایہ کار عملی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔

عارف حبیب نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کار ملکی معیشت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور سعودی سرمایہ کار بھی اس عمل میں ان کے ساتھ شریک ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق حکومت کے لینڈ بینک کی منیٹائزیشن کے ذریعے غیر فعال اثاثوں کو پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت قائم کیے جانے والے مجوزہ فنڈ میں سعودی اور پاکستانی نجی سرمایہ کار مساوی سرمایہ کاری کریں گے۔ فنڈ کی سرمایہ کاری کا 75 فیصد پاکستان جبکہ 25 فیصد سعودی عرب کے منصوبوں کے لیے مختص ہوگا۔ مستقبل میں مختلف شعبوں میں دستیاب مواقع کو مدنظر رکھتے ہوئے فنڈ کا حجم بڑھانے کا بھی ارادہ ہے۔

مجوزہ فنڈ تیزی سے ترقی کرنے والے نجی کاروباروں میں سرمایہ کاری کرے گا، جن میں زراعت، کان کنی، تعمیرات اور دیگر صنعتی شعبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت پاکستان کے لینڈ بینک کو منیٹائز کرنے کے پروگرام کے تحت سامنے آنے والے تجارتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ان منصوبوں میں ہوائی اڈوں، موٹرویز، بندرگاہوں اور بحری شعبے کی ترقی سے متعلق مواقع شامل ہیں۔ اس اقدام کے ذریعے کم استعمال ہونے والی سرکاری اراضی کی معاشی قدر کو شفاف اور تجارتی بنیادوں پر بروئے کار لانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

فنڈ سعودی عرب میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرے گا، جن میں مقدس شہروں سمیت مختلف علاقوں کے تجارتی منصوبے شامل ہوں گے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کو فنڈ مینجمنٹ کمپنی کی ایکویٹی میں شراکت کی دعوت دینے کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔

تقریب میں دونوں ممالک سے سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے اراکین نے شرکت کی، جبکہ پاکستان کی جانب سے کونسل کے شریک چیئرمین اور فاطمہ گروپ کے چیئرمین فواد مختار نے ورچوئلی شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.