تازہ ترین

ہنگو میں پولیس پوسٹ پر حملہ، ایک اہلکار شہید، تین کو اغوا کرلیا گیا

0

خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں شاہ الماس پیر پہاڑی پر قائم پولیس پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ تین کو اغوا کرلیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی گئی۔

پولیس کے مطابق حملہ آور تین اہلکاروں کو اپنے ساتھ لے گئے، جبکہ فائرنگ کے واقعے میں کانسٹیبل فیروز علی شہید ہوگئے۔ ڈی پی او ہنگو صلاح الدین کنڈی نے بتایا کہ اغوا کیے گئے تینوں اہلکاروں کو حملہ آور سمانہ پہاڑی کے علاقے خانانو کوٹہ کی جانب لے گئے ہیں۔

ڈی پی او کے مطابق پولیس اہلکاروں نے شاہ الماس پیر پہاڑی پر دوبارہ کنٹرول سنبھال لیا ہے جبکہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کا تعاقب جاری ہے۔

دوسری جانب شہید کانسٹیبل فیروز علی کی نماز جنازہ پولیس لائن ہنگو میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈی پی او صلاح الدین کنڈی، پاک فوج اور پولیس کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس اور دیگر افسران نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کانسٹیبل کا جسد خاکی مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں ابراہیم زئی روانہ کردیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.