لاہور میں نومبر کے پہلے ہفتے کے دوران فضائی آلودگی کی سطح مسلسل غیر صحت بخش سے خطرناک درجے تک برقرار رہی، یکم سے 7 نومبر کے دوران شہر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 268 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ 2 نومبر کو یہ بڑھ کر 335 تک پہنچ گیا جو ہفتے کی بلند ترین سطح تھی۔
پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو کے مطابق ان سات روز میں پانچ دن ہوا کا معیار انتہائی غیر صحت بخش جبکہ دو دن خطرناک درجے میں رہا۔ اس دوران فضا میں موجود باریک آلودہ ذرات پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 215.5 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی، جو عالمی ادارہ صحت کی مقررہ حد 15 مائیکروگرام سے تقریباً 14 گنا زیادہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر میں آگ لگنے کے واقعات اور ان سے اٹھنے والے دھوئیں نے بھی فضائی آلودگی میں اضافے میں کردار ادا کیا۔ لاہور میں روزانہ اوسطاً 54.8 مقامات پر آگ لگنے کے واقعات ریکارڈ ہوئے۔ جن دنوں آگ لگنے کے کم از کم 11 واقعات پیش آئے، ان دنوں اوسط اے کیو آئی 207 رہا، جبکہ دیگر دنوں میں یہ شرح 158 ریکارڈ کی گئی۔
موسمی حالات بھی آلودگی میں اضافے کی اہم وجہ قرار دیے گئے ہیں۔ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں رواں سال پی ایم 2.5 کی مقدار 25 فیصد زیادہ رہی۔ رات کے وقت کم درجہ حرارت اور ہوا کی سست رفتار کے باعث آلودہ ذرات فضا میں موجود رہے۔ نو سالہ ریکارڈ کے مطابق رواں سال کا یہ ہفتہ لاہور میں فضائی آلودگی کے لحاظ سے تیسرا بدترین ہفتہ تھا۔
رپورٹ میں بھارت سے آنے والی ہواؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ یکم سے 7 نومبر کے دوران کسی بھی دن بھارتی سمت سے آنے والی ہواؤں کا حصہ 25 فیصد یا اس سے زیادہ نہیں تھا۔ تجزیے کے مطابق جن دنوں ان ہواؤں کا تناسب زیادہ رہا، ان دنوں لاہور کا اوسط اے کیو آئی 160 جبکہ دیگر دنوں میں 187 ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ ہوا کے راستوں کا تجزیہ آلودگی کے اصل منبع کی تصدیق نہیں کرتا۔
دوسری جانب اسموگ رینک کے مطابق گزشتہ سات روز میں لاہور میں پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 210.1 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہی، جو گزشتہ ایک سال کی اوسط 65.2 مائیکروگرام سے تقریباً 3.2 گنا زیادہ ہے۔ 2 نومبر کو یہ مقدار بڑھ کر 282.1 مائیکروگرام تک پہنچ گئی۔
اسی روز ناسا کے سیٹلائٹس نے لاہور کے گرد 300 کلومیٹر کے علاقے میں آگ لگنے کے 488 واقعات کی نشاندہی کی، جن میں سے 204 واقعات 100 کلومیٹر کے دائرے میں ریکارڈ ہوئے۔ تاہم ان واقعات سے اٹھنے والے دھوئیں کے لاہور تک پہنچنے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
اسموگ رینک کے مطابق لاہور میں فضائی آلودگی سال بھر بلند رہتی ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران عام دنوں میں پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 65.2 مائیکروگرام رہی، جو عالمی ادارہ صحت کی مقررہ حد سے 4.3 گنا زیادہ ہے۔ نومبر اور دسمبر آلودگی کے بدترین مہینے رہے، جن میں یہ مقدار 237.7 مائیکروگرام فی مکعب میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ میں فضائی آلودگی کی ممکنہ وجوہات میں گاڑیوں اور دیگر مقامی ذرائع کے علاوہ آگ لگنے کے واقعات، فصلوں کی باقیات جلانے، گردوغبار اور سردیوں کے موسمی حالات کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ تجزیہ فضائی آلودگی کی پیمائش، ناسا کے فائر ڈیٹیکشن سسٹم اور امریکی ادارے نووا کے دھوئیں سے متعلق نقشوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔