راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پمز اسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا اور انہیں تجویز کردہ ادویات کا جائزہ لیا۔
جیل ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عارف خان کی سربراہی میں پمز اسپتال کی میڈیکل ٹیم شام کے وقت اڈیالہ جیل پہنچی، جہاں ڈاکٹروں نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر عارف خان نے عمران خان سے ان کی طبیعت کے بارے میں دریافت کیا، ان کا بلڈ پریشر چیک کیا اور کولیسٹرول کی سطح کا جائزہ لیا۔ اس دوران ڈاکٹروں نے انہیں تجویز کی گئی ادویات بھی چیک کیں۔
جیل ذرائع کے مطابق پمز اسپتال کی میڈیکل ٹیم نے بشریٰ بی بی کا بھی مکمل طبی معائنہ کیا، جبکہ جیل اسپتال کے طبی عملے نے ڈاکٹروں کی معاونت کی۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد پمز اسپتال کی میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئی۔