اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عمل درآمد کے لیے درخواست دائر کی جا چکی ہے، جس میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ معاملے کی اہمیت کے پیش نظر درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے تاکہ اس کا حل نکالا جا سکے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان سے ایک ملاقات ہو چکی ہے جبکہ سلمان صفدر بھی ان سے ملاقات کرکے واپس آئے ہیں۔ ان ملاقاتوں کے بعد بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے پارٹی کو ضروری ہدایات موصول ہوئی ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ عمران خان کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے اور سپریم کورٹ کے 18 اگست کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ ختم ہو چکا ہے اور صوبائی حکومت بھی جا چکی ہے، اس لیے اب پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے عمران خان کی بہنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔