ایبٹ آباد: ملک کے دو مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے، حادثات میں خواتین اور بچے بھی زندگی کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق پہلا حادثہ ایبٹ آباد میں حویلیاں انٹرچینج کے قریب موٹروے پر پیش آیا، جہاں مسافر بس اور ڈمپر کے درمیان خوفناک تصادم ہوا۔ حادثے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس گلگت سے راولپنڈی جارہی تھی اور اس میں سوار مسافروں کا تعلق گلگت سے بتایا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس کا ٹائر پھٹنے کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے نتیجے میں بس ڈمپر سے ٹکرا گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسرا حادثہ دریا خان کے علاقے ہیتو خسور روڈ پر پیش آیا، جہاں مسافروں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں دو خواتین اور دو بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی پر سوار افراد ٹانک سے سرگودھا جارہے تھے۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔