کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہیں رہنا چاہیے، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ
کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے انسدادِ پولیو مہم کے آخری روز سو فیصد کوریج یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔
انہوں نے یہ ہدایات انسدادِ پولیو مہم کے چوتھے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں متعلقہ افسران نے شرکت کی اور مہم کی پیشرفت، زیرو ڈوز بچوں، والدین کے انکار اور ویکسینیشن سے رہ جانے والے بچوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مہم کے آخری روز تمام ٹیمیں پوری محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیں۔ انہوں نے گھر گھر رسائی یقینی بنانے اور ان والدین کو بھی آمادہ کرنے پر زور دیا جنہوں نے پہلے اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کیا تھا۔
مہراللہ بادینی نے کہا کہ کوئی بھی بچہ ویکسینیشن سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے اور مہم کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی تاکہ مقررہ اہداف حاصل کیے جاسکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ مہم کے آخری روز سو فیصد کوریج یقینی بنانا تمام متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔