چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کو دورۂ برطانیہ کے دوران لندن میں معروف قانونی ادارے اِنر ٹیمپل کی جانب سے اعزازی بینچر کا اعزاز دیا گیا ہے۔ اس موقع پر پاکستان اور برطانیہ کے عدالتی و قانونی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے اور عدالتی نظام میں بہتری کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے لندن میں اِنر ٹیمپل کی بینچرز نائٹ تقریب میں شرکت کی، جہاں ان کا اعزازی بینچر کے طور پر خیرمقدم کیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ تقریب کے دوران دونوں ممالک کے عدالتی و قانونی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔ اس سلسلے میں عدالتی استعدادِ کار بڑھانے، مقدمات کے انتظام کو بہتر بنانے اور عدالتی فیصلے تحریر کرنے کے طریقہ کار اور معیار پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سپریم کورٹ کے مطابق ملاقات میں قانونی اخلاقیات اور پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنانے سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔ اس گفتگو کا محور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قانونی شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔