تازہ ترین

ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کیلئے 50 سے زائد ممالک سے رابطہ کیا، امریکی وزیر خزانہ

0

واشنگٹن: امریکا نے ایران کے خلاف معاشی دباؤ مزید بڑھانے کیلئے عالمی سطح پر رابطوں کا دائرہ وسیع کردیا ہے، امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ کے مطابق واشنگٹن نے ایران کے معاشی روابط محدود کرنے کیلئے 50 سے زائد ممالک سے بات چیت کی ہے۔

سکاٹ بیسنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ان کی ہدایت پر امریکی محکمہ خزانہ کی ٹیموں نے مختلف ممالک کے دورے کیے اور ایران کے ساتھ معاشی روابط محدود کرنے کیلئے متعلقہ حکام پر دباؤ ڈالا۔

امریکی وزیر خزانہ کے مطابق اس مہم کے تحت ایرانی ایئرلائنز اور بینکوں کے خلاف بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ترکیے اور عمان نے ایرانی ایئرلائن ماہان ایئر کی پروازیں روک دی ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات نے بھی ایرانی ایئرلائنز کی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

سکاٹ بیسنٹ نے بینکاری کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کا بھی ذکر کیا۔ رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے ایران کے بینک ملی کی شاخوں سے متعلق لین دین روکنے کیلئے اقدامات کیے، جبکہ ترکیے نے گزشتہ ہفتے بینک ملت کی استنبول شاخ کا آپریٹنگ لائسنس منسوخ کردیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کے حکام نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 50 سے زائد ممالک کے نمائندوں سے ایران کے خلاف معاشی دباؤ مزید بڑھانے کے معاملے پر بات چیت کی۔ امریکا کی جانب سے ایران کے بینکاری اور فضائی رابطوں کو محدود کرنے کی کوششیں بھی تیز کی جا رہی ہیں۔

سکاٹ بیسنٹ اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ واشنگٹن دنیا بھر میں ایرانی ایئرلائنز کی سرگرمیوں محدود کرنا چاہتا ہے، تاہم ایران کی بعض ایئرلائنز اب بھی چین اور روس سمیت چند ممالک کیلئے بین الاقوامی پروازیں چلا رہی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.