اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف متوقع لانگ مارچ کے سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے، جس میں حکمران اتحاد میں شامل پاکستان پیپلزپارٹی سے بھی رابطے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، تحریک انصاف کی سینئر قیادت پیپلزپارٹی سے رابطے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے، جبکہ پی ٹی آئی کا وفد 14 اگست کے بعد دیگر اپوزیشن جماعتوں سے ملاقاتیں بھی کرے گا۔ اس وفد میں سلمان اکرم راجا، جنید اکبر، عامر ڈوگر، عاطف خان سمیت 7 ارکان شامل ہوں گے۔
تحریک انصاف اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کے علاوہ خیبرپختونخوا میں بھی سیاسی جماعتوں سے رابطے کرے گی، جبکہ مولانا فضل الرحمان اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے بھی ملاقات کی جائے گی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے دو روز قبل پشاور میں جلسے کے دوران 27 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اعلان کیا تھا کہ اگر عمران خان سے ملاقاتیں بحال نہ ہوئیں، ذاتی معالج سے علاج نہ کروایا گیا اور عدالتوں میں مقدمات کی سماعت نہ ہوئی تو 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں عدالتوں سے کوئی امید نہیں رہی، کیونکہ 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم کے بعد عدالتیں مفلوج ہو چکی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے تمام آئینی و قانونی راستے اختیار کیے گئے، مگر ان کی بات نہیں سنی گئی۔