تازہ ترین

فیلڈ مارشل عاصم منیر کل تہران کا دورہ کریں گے، ایرانی وزارتِ خارجہ کی تصدیق

0

اسلام آباد: چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پیر کو ایران کے دارالحکومت تہران کا دورہ کریں گے، ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے دورے کی تصدیق کردی۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔

اسماعیل بقائی نے بتایا کہ دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر ایرانی اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پاکستانی حکومتی ذرائع نے بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ تہران کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان براہِ راست رابطے جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں خطے میں جاری کشیدگی، ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی دھمکی اور جنگی صورتحال سمیت اہم علاقائی معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔ پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی کم کرنے کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بھی بات چیت متوقع ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان دورے کے اعلان سے قبل ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور مغربی ایشیا میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے مؤثر طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر اس سال اس سے قبل بھی ایران کے دورے کر چکے ہیں۔ مئی میں وہ وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ تہران گئے تھے، جبکہ اپریل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان جاری سفارتی رابطوں کے سلسلے میں ان کا دورۂ ایران ہوا تھا۔

جولائی میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نماز جنازہ اور تدفین کی تقریبات میں شرکت کی تھی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا تازہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے اور جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں میں کردار ادا کر رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.