تازہ ترین

بنگلہ دیش کا بھارت سے تعلقات بحال کرنے پر زور، سازگار ماحول کی ضرورت ہے، وزیراعظم

0

ڈھاکا-بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری کی نئی کوششیں شروع ہوگئی ہیں، بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان نے کہا ہے کہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات آگے بڑھانے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ضروری ہے۔
طارق رحمان نے بنگلہ دیش میں بھارت کے نئے ہائی کمشنر دنیش ترویدی سے پہلی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
بنگلہ دیشی وزیراعظم نے اس موقع پر دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے مثبت اور سازگار ماحول کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈھاکا نئی دہلی کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ کئی اہم معاملات پر پیش رفت کا خواہاں ہے۔
ملاقات کے دوران بنگلہ دیش نے بھارت سے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی حوالگی کے عمل کو تیز کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ شیخ حسینہ اگست 2024 میں حکومت کے خاتمے کے بعد سے بھارت میں مقیم ہیں اور بنگلہ دیش میں ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
حالیہ دنوں میں شیخ حسینہ کی جانب سے بھارت سے آن لائن میڈیا سے گفتگو کے بعد ان کی موجودگی اور سیاسی سرگرمیوں کا معاملہ ایک مرتبہ پھر دونوں ممالک کے درمیان اہم سفارتی موضوع بن گیا ہے۔

بنگلہ دیشی حکومت نے اس آن لائن خطاب پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیخ حسینہ کو اس طرح کی سرگرمی کی اجازت ملنے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
دوسری جانب بھارت نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ کی حوالگی کی درخواست کا جائزہ قانونی اور عدالتی طریقہ کار کے مطابق لیا جا رہا ہے۔ بھارتی ہائی کمشنر نے ملاقات کے دوران بنگلہ دیش کے ساتھ مثبت، تعمیری اور مستقبل پر مبنی انداز میں کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات گزشتہ چند برسوں کے دوران مختلف سیاسی معاملات کے باعث متاثر ہوئے ہیں، تاہم موجودہ حکومت کی جانب سے تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ شیخ حسینہ کی حوالگی سمیت دیگر حساس معاملات پر پیش رفت دونوں ممالک کے مستقبل کے تعلقات کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.