تازہ ترین

کراچی میں چار ماہی گیروں کی پراسرار اموات، بیماری کی وجہ سامنے نہ آسکی

0

کراچی میں سمندر سے مچھلیاں پکڑ کر واپس آنے والے چار ماہی گیروں کی ایک ہفتے کے دوران اموات نے کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں، تاہم ان کی بیماری اور موت کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔

سکھن پولیس کے مطابق چاروں ماہی گیر تقریباً ایک ماہ سمندر میں گزارنے کے بعد ایک ہفتہ قبل کراچی واپس پہنچے تھے۔ واپسی کے چند روز بعد ان کی طبیعت خراب ہونا شروع ہوئی اور وہ یکے بعد دیگرے انتقال کرگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دو ماہی گیروں کی موت پانچ روز قبل ہوئی، تیسرے نے گزشتہ روز جبکہ چوتھے ماہی گیر نے آج دم توڑا۔ چاروں مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج رہے، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی اموات کو طبی موت قرار دیا۔

متاثرہ خاندانوں کے مطابق سمندر سے واپسی کے بعد ماہی گیروں نے گردوں میں درد کی شکایت کی تھی۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ بعض ماہی گیروں نے اپنی بیماری کو روحانی مسئلہ بھی قرار دیا تھا، تاہم طبیعت بگڑنے اور اموات کی اصل وجہ واضح نہیں ہوسکی۔

سکھن پولیس کے مطابق چاروں ماہی گیروں کے اہلخانہ نے کسی قسم کی قانونی کارروائی سے انکار کیا ہے۔ دوسری جانب مسلسل چار اموات کے بعد یہ سوال موجود ہے کہ آیا بیماری کا تعلق سمندر میں قیام کے دوران آلودہ خوراک، پانی یا کسی دوسری طبی وجہ سے تھا۔

تاحال اموات کی وجوہات سے متعلق کوئی حتمی طبی یا تحقیقی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.