باغ: آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے علاقے پندی میں ایک گھر کے اندر ہونے والے پراسرار دھماکے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ 15 سالہ بچی شدید زخمی ہوگئی۔
پولیس حکام کے مطابق وسطی باغ کے قصبے پندی میں واقع گھر میں اچانک زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ایک کم عمر بچی زخمی ہوگئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی بچی کو گھر سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والی 15 سالہ بچی کی حالت تشویشناک ہے، جسے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال باغ منتقل کیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
تاحال دھماکے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔