اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بلوچستان کے صوبائی کوٹے کے تحت گریڈ ایک سے 15 تک کی خالی سرکاری آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے، جبکہ صوبے بھر کے اہل امیدواروں کو مواقع فراہم کرنے کے لیے خصوصی رعایتیں بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے 27 اکتوبر 2026 کو جاری کیے گئے آفس میمورنڈم کے مطابق تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ بھرتیوں کا عمل 30 نومبر 2026 سے قبل مکمل کیا جائے اور خالی آسامیوں کے اشتہارات فوری طور پر نیشنل جاب پورٹل کے ذریعے جاری کیے جائیں۔
میمورنڈم کے مطابق بلوچستان کا لوکل یا مستند رہائشی سرٹیفکیٹ رکھنے والے امیدوار ان آسامیوں کے لیے میرٹ پر مقابلے کے اہل ہوں گے۔
حکام کو خواتین اور اقلیتوں کے لیے مقررہ کوٹے پر عمل درآمد کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ تاہم بھرتی کے دوران مخصوص کوٹے کے لیے اہل امیدوار دستیاب نہ ہونے کی صورت میں باقی ماندہ آسامیوں پر بلوچستان کے دیگر اہل امیدواروں کو اوپن میرٹ پر بھرتی کیا جاسکے گا۔
نئی ہدایات کے تحت وزارتوں، ڈویژنز اور متعلقہ بورڈز کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ بھرتیوں کو کسی مخصوص تحصیل، ضلع یا ڈویژن کے رہائشیوں تک محدود رکھنے والی اندرونی پابندیوں میں نرمی کرسکتے ہیں، تاکہ صوبے کے تمام علاقوں کے امیدواروں کو یکساں مواقع مل سکیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بھرتیوں کے عمل، دستاویزات کی جانچ پڑتال اور واک اِن انٹرویوز کے انعقاد کے لیے بھی خصوصی سہولت فراہم کی ہے۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ اضلاع میں باقاعدہ سلیکشن کمیٹیوں کے ذریعے مقامی سطح پر بھرتیاں کی جاسکیں گی۔
متعلقہ محکموں کو آسامیوں، اہلیت کے معیار، انٹرویو کے مقامات، تاریخوں اور انتخاب کے طریقہ کار کی پیشگی تشہیر کرنے کے ساتھ بھرتی کے تمام مراحل کا مکمل ریکارڈ محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خصوصی بھرتی مہم کے تحت اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سرپلس پول سے بھرتی کے لیے این او سی حاصل کرنے کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔
میمورنڈم کے مطابق وزارتوں اور ڈویژنز کو سلیکشن کمیٹیوں کے ارکان کی نامزدگیاں اور ان کی رابطہ تفصیلات 29 اکتوبر تک اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
حکومت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد بھرتیوں کے طریقہ کار کو آسان بنانا اور بلوچستان کے اہل امیدواروں کے لیے وفاقی سرکاری ملازمتوں تک رسائی کے مواقع بڑھانا ہے۔