تازہ ترین

تھرپارکر ایمبولینس حادثہ، جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی خاندان 20 لاکھ روپے امداد

0

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تھرپارکر میں ایمبولینس حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے نو افراد کے لواحقین کو فی خاندان 20 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کے بہتر علاج اور واقعے کی شفاف تحقیقات کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو محکمہ صحت کے ذریعے حادثے کی مکمل تحقیقات کروا کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جاں بحق افراد کی آخری رسومات کے انتظامات یقینی بنانے اور زخمیوں کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔

سید مراد علی شاہ نے رکن سندھ اسمبلی قاسم سومرو کو نگرپارکر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں اور انتظامی اقدامات کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی تھرپارکر کے علاقے ڈانو دھاندھل میں پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انیشی ایٹو کے زیر انتظام ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوگوار خاندانوں کے غم میں شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے واقعے کی مکمل اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرکے حقائق سامنے لانے کی ہدایت کی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر حادثہ انسانی غفلت یا کسی مجرمانہ فعل کے باعث پیش آیا ہے تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے متعلقہ نظام کا جائزہ لینے اور مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.