تازہ ترین

امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کا اہم سفارتی کردار سامنے آگیا

0

پاکستان نے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم سفارتی کردار ادا کیا۔ ساؤتھ ایشین وائسز کے ایک تجزیے میں اسلام آباد کو واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں معاون قرار دیا گیا ہے۔

پالیسی پلیٹ فارم کے مطابق شدید کشیدگی کے دوران پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان رابطہ قائم کرنے میں کردار ادا کیا، جب امریکا اور ایران کے درمیان محاذ آرائی عروج پر پہنچ چکی تھی اور دونوں فریق ایک دوسرے کو نقصان پہنچا رہے تھے۔

تجزیے میں کہا گیا کہ پاکستان نے ایک عالمی طاقت اور ایک بڑی علاقائی طاقت کو مذاکرات کی میز پر لانے میں مدد کی، جبکہ کئی بڑی طاقتیں بھی ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق چین، فرانس، جرمنی، بھارت اور برطانیہ بھی اس نوعیت کی پیش رفت حاصل نہیں کرسکے۔ تجزیے میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان براہِ راست رابطے کی راہ ہموار کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو نمایاں کیا گیا۔

تجزیے کے مطابق اسلام آباد میں امریکی اور ایرانی نمائندوں کے درمیان مذاکرات 20 گھنٹے سے زائد جاری رہے۔ اس ملاقات کو 1979 کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ ترین سطح کا براہِ راست رابطہ قرار دیا گیا۔

تجزیے میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکا اور ایران دونوں نے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے، تاہم اختلافات کے باوجود کسی بھی فریق نے مذاکراتی عمل کو مکمل طور پر ترک نہیں کیا۔

ساؤتھ ایشین وائسز کے مطابق سفارتی رابطے کا جاری رہنا اس بات کی علامت ہے کہ ثالثی کا عمل لازماً ناکام نہیں ہوا۔ تجزیے میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مذاکراتی فریقوں کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کی ذمہ داری خود بخود ثالث پر عائد نہیں کی جانی چاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.