سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر بلوچستان کی اعلیٰ قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملک و قوم اور پاک فوج کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے اپنے تعزیتی بیان میں مرحوم جنرل عبدالوحید کاکڑ کی نمایاں عسکری خدمات، قائدانہ صلاحیتوں اور پاک فوج کے لیے گراں قدر کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قومی دفاع کے لیے مرحوم کی خدمات اور کاوشیں قابلِ قدر ہیں۔
گورنر بلوچستان نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جنرل عبدالوحید کاکڑ کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر و ہمت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی سابق آرمی چیف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال کی خبر سن کر دلی رنج و غم ہوا۔ ان کی قومی خدمات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ جنرل عبدالوحید کاکڑ ایک ممتاز عسکری شخصیت تھے، جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، تجربے اور قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے پاک فوج میں اہم خدمات انجام دیں۔ ان کی خدمات ملک و قوم کے لیے قابلِ قدر ہیں اور انہیں ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال سے ملک ایک قابلِ احترام اور تجربہ کار عسکری شخصیت سے محروم ہوگیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبر و استقامت عطا فرمائے۔