تازہ ترین

گورنر راج کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پتا نہیں،بیرسٹر گوہر

0

خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے معاملے اور پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنوں کے خلاف کارروائیوں پر سیاسی کشیدگی برقرار ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا ہے کہ گورنر راج کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بارے میں انہیں کچھ معلوم نہیں، جبکہ ان کے بقول صوبے میں مختلف اقدامات کے ذریعے جماعت کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ پر اعتراض کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ان اقدامات کو مسترد کرتے ہیں، تاہم دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے اور اس معاملے پر کوئی دو رائے نہیں ہوسکتیں۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی نظر بندی میں 30 روز کی توسیع کی بھی مذمت کی۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق علیمہ خانم غیر سیاسی ہیں، لیکن اس کے باوجود ان کی نظر بندی میں مزید 30 روز کی توسیع کردی گئی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے دعویٰ کیا کہ جماعت کے 12 ارکان قومی اسمبلی حراست میں ہیں اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بارے میں بھی کوئی معلومات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے حامیوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، چھاپے مارے جا رہے ہیں اور صوبے میں جماعت کے جھنڈے بھی اتارے جا رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سہیل آفریدی کو ذمہ داری سونپی تھی اور ان کے خیال میں سہیل آفریدی نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.