تازہ ترین

عالمی منڈی میں خام تیل سستا، برینٹ کروڈ 114 ڈالر فی بیرل کے قریب

0

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد برینٹ کروڈ کی قیمت 114 ڈالر فی بیرل کے قریب آگئی۔ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم ہونے کی امیدوں نے قیمتوں پر دباؤ ڈالا ہے، تاہم سعودی عرب میں تیل کی اہم تنصیبات پر ممکنہ حملوں کے خدشات کے باعث سرمایہ کار محتاط ہیں۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق پیر کو صبح 10 بج کر 20 منٹ تک برینٹ کروڈ کی قیمت 2.29 فیصد، یعنی 2.68 ڈالر کم ہوکر 114.04 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ بعد ازاں اس کی قیمت 1.95 فیصد کمی کے ساتھ 114.44 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہی تھی۔

امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی۔ اس کی قیمت 2.49 فیصد، یعنی 2.58 ڈالر گر کر 100.69 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔

خام تیل کی قیمتوں میں یہ کمی حالیہ تیزی کے بعد سامنے آئی ہے۔ رواں سال رسد میں ممکنہ کمی کے خدشات کے باعث برینٹ کروڈ کی قیمت میں تقریباً 90 فیصد اضافہ ہو چکا ہے اور حالیہ دنوں میں یہ تقریباً چھ ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی تھی۔

جمعے کو بھی تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔ اس دوران ایسی رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ امریکا اور اسرائیل نومبر کے آغاز میں امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر حملوں کی تیاری کر سکتے ہیں۔

مارکیٹ ماہرین کے مطابق قیمتوں میں حالیہ کمی کی ایک وجہ تیل کی ضرورت سے زیادہ خریداری بھی ہے، جس کے بعد سرمایہ کاروں نے منافع حاصل کرنے کے لیے فروخت شروع کردی۔ تاہم ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی اور خطے میں جاری کشیدگی کے باعث قیمتوں میں دوبارہ اتار چڑھاؤ کا امکان برقرار ہے۔

سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حملوں کے خدشات بھی عالمی منڈی پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ سرمایہ کار امریکا اور ایران کے درمیان صورتحال، اسرائیل سے متعلق پیش رفت اور عالمی تیل کی رسد پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.