تازہ ترین

پاک چین دوستی کے 75 سال،سی پیک کے تحت پاک چین انفارمیشن کوریڈورکا افتتاح ہوگا

0

اسلام آباد: پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں دونوں ممالک آج سی پیک کے تحت چائنا پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئی ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر چینی سفیر جیانگ زیڈونگ، چینی سفارت خانے کے عملے اور پاکستانی حکام نے چینی وفد کا استقبال کیا۔ ماؤ ننگ کے ہمراہ آنے والے وفد میں چینی وزارت اطلاعات اور وزارت خارجہ کے حکام شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماؤ ننگ آج شام پاکستان چائنا فرینڈشپ سینٹر میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی، جہاں چائنا پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا افتتاح کیا جائے گا۔ یہ تقریب پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے سلسلے کا حصہ ہے۔

دورے کے دوران ماؤ ننگ کی جانب سے پاکستانی وزارت خارجہ کا دورہ بھی متوقع ہے۔ ان کی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کا امکان ہے، جبکہ وزارت خارجہ میں ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان اور چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان باہمی مشاورت بھی کریں گے۔ سی پیک کے تحت شروع کیے جانے والے چائنا پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا مقصد میڈیا اور اسٹریٹجک کمیونیکیشن کے شعبوں میں دونوں ممالک کے تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے معلومات کے تبادلے، عوامی سفارت کاری اور ثقافتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ پاکستان کے دورے کے لیے چین کے ایک اور وفد کے شیڈول کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.