تازہ ترین

کوئٹہ میں طویل لوڈشیڈنگ، شہری روزانہ 20 گھنٹے تک بجلی سے محروم

0

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور گردونواح میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کم وولٹیج نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ مختلف علاقوں میں روزانہ 18 سے 20 گھنٹے تک بجلی بند رہنے سے گھریلو صارفین، تاجروں اور بجلی پر انحصار کرنے والے کاروباری افراد کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

شہر کے سرکی روڈ، ڈبل روڈ، جناح روڈ، جناح ٹاؤن، سمنگلی روڈ، سبزل روڈ، سی پیک روڈ، سراب روڈ، قمبرانی روڈ، بینک کالونی، مشرقی و مغربی بائی پاس، ایئرپورٹ روڈ، نواں کلی، کلی الماس، کلی محمد اور بروری سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔

بجلی کی عدم دستیابی سے گھریلو امور کی انجام دہی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، جبکہ دکانوں، ورکشاپس اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ طویل لوڈشیڈنگ کے باعث تاجروں کو مالی خسارے کا سامنا ہے، جبکہ کم وولٹیج سے برقی آلات متاثر ہونے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔

شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ طویل لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے، غیر اعلانیہ بجلی کی بندش ختم کی جائے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے ساتھ وولٹیج میں بہتری یقینی بنائی جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.