تازہ ترین

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ایتھوپیا کے سفیر کی ملاقات

0

اسلام آباد: پاکستان اور ایتھوپیا نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے بینکاری اور مالیاتی روابط مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق اس معاملے پر گفتگو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر اومر حسین اوبا کے درمیان ملاقات میں ہوئی۔

ملاقات میں ایتھوپیا کے وزیرِ مشیر میلاو گیتاچیو اور سیاسی سفارت کاری کے انچارج کالکیڈان تادیسے بھی شریک تھے۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور، اقتصادی و مالی تعاون، تجارتی روابط اور سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو کی۔

بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے بینکاری شعبوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا تاکہ تجارتی لین دین اور سرمایہ کاری کے بہاؤ کو بہتر بنایا جاسکے۔ ایتھوپیا کے سفیر نے اس حوالے سے قریبی مالیاتی تعاون کی اہمیت اجاگر کی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ایتھوپیا کے سفیر نے دونوں ممالک کے اقتصادی ترقی کے تجربات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کی معیشتوں میں مماثلت اور مقامی حالات کے مطابق ترقیاتی حکمت عملی اپنانے کی اہمیت پر گفتگو ہوئی۔

محمد اورنگزیب نے ایتھوپیا کے سفیر کو پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات سے آگاہ کیا، جن کا مقصد طویل مدتی معاشی استحکام حاصل کرنا اور سرمایہ کاری کی بنیاد پر پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی اقتصادی صورتحال، جاری تنازعات کے توانائی کی فراہمی، کھاد کی دستیابی اور غذائی تحفظ پر اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے توانائی اور کھاد کی سپلائی متاثر ہونے سے زرعی پیداوار اور معاشی سرگرمیوں کو درپیش مشکلات پر گفتگو کرتے ہوئے بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیاری اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں جانب سے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان فضائی رابطوں اور ان کے ذریعے تجارتی سرگرمیوں اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے ایتھوپیا کے ساتھ اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.