کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرکاری امور کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا عمل تیز کرنے اور دفتری معاملات میں غیر ضروری تاخیر ختم کرکے بروقت فیصلوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال سرکاری خدمات میں شفافیت، رفتار اور جوابدہی بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سروس ڈیلیوری میں بہتری سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری محکموں میں ڈیجیٹل اصلاحات اور حکومتی امور کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان کے 28 سرکاری محکموں میں ای فائلنگ کے نفاذ کے بعد سمریز کو بھی ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ابتدائی مرحلے کے دوران 10 محکموں کی سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن کا آغاز کیا گیا ہے۔
بریفنگ کے مطابق صوبے کے سرکاری محکموں میں اب تک ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد ای فائلز نمٹائی جاچکی ہیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن سے سرکاری امور کی انجام دہی میں تیزی آئے گی اور فیصلہ سازی کا عمل مزید مؤثر ہوگا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سرکاری معاملات میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شفافیت، تیز رفتار کام اور جوابدہی کو فروغ دے گا۔ عوام کو بہتر اور بروقت سرکاری خدمات فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل نظام اپنانا ضروری ہے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹل اصلاحات کے نفاذ میں باہمی تعاون یقینی بنایا جائے اور سرکاری امور کو جدید نظام پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومتی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے روایتی طریقہ کار کی جگہ مؤثر ڈیجیٹل نظام متعارف کرانا ہوگا۔ ان کے مطابق دفتری امور میں آسانی، فوری فیصلے اور عوامی سہولت ڈیجیٹل اصلاحات کے بنیادی مقاصد ہیں۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی سرکاری نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوام کو بروقت سہولیات فراہم کرنے کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔