تازہ ترین

دہشت گردی کے خلاف خیبرپختونخوا پولیس کو جدید اسلحہ اور وسائل فراہم کریں گے، فیصل کریم کنڈی

0

چارسدہ: خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے حکومت نے دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے واضح فیصلہ ہوچکا ہے اور صوبے کو اس مقصد کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے چارسدہ کے مختصر دورے کے دوران دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی عمران الدین اور پولیس حوالدار کاظم جان کے لواحقین سے تعزیت کی اور شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کی بیخ کنی کا اٹل فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خیبرپختونخوا کو تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، جبکہ پاکستان کے اندر بھی دہشت گردوں کے ہینڈلرز موجود ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبائی پولیس کو دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے لیے فری ہینڈ دیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے بھی پولیس کو جدید اسلحہ اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کے مطابق آئندہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں عملی طور پر نظر آئیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے آئین اور قانون کو تسلیم نہ کرنے والوں سے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور بین الاقوامی کمپنیوں کو صوبے میں معدنیات نکالنے کی دعوت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معدنیات سے حاصل ہونے والے فوائد میں پہلا حصہ عوام، دوسرا صوبے اور اس کے بعد وفاق کا ہوگا۔

گورنر نے خیبرپختونخوا پولیس کے وسائل سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پولیس کے پاس وسائل نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پولیس کو جدید اسلحہ اور تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو مؤثر بنایا جاسکے۔

میڈیا سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے حوالے سے کہا کہ وہ محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ تاہم پاکستان تحریک انصاف کے مستقبل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.