اسلام آباد: قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں روابط کو مزید وسعت دی جانی چاہیے۔
جمعے کو اسلام آباد میں سعودی سفیر ڈاکٹر راجح تامی البغامی سے ملاقات کے دوران قائم مقام صدر نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کیا اور مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اسلام آباد کی حمایت کا اظہار کیا۔
ملاقات میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے موجودہ کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔