اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی بینک کے وفد سے ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال، اقتصادی استحکام، ساختی اصلاحات اور سرمایہ کاری پر مبنی پائیدار ترقی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ ملاقات میں نجکاری، ضابطہ جاتی اصلاحات اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عالمی بینک کے اعلیٰ عہدیدار سندیپ مہاجن نے پاکستان میں معاشی استحکام کی بحالی پر وزیر خزانہ کو مبارک باد دی۔ وفد نے علاقائی بحران سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کو بھی سراہا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان نے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز جاری کرکے عالمی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی حاصل کی ہے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح حاصل کردہ معاشی استحکام کو سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ اور ملکی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے قابلِ پیش گوئی پالیسی ماحول فراہم کرنا اور معاشی اصلاحات پر مستقل عمل درآمد انتہائی اہم ہے۔
ملاقات میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزارت خزانہ کے مطابق دونوں جانب سے نجکاری کے عمل، ضابطہ جاتی اصلاحات اور بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور عالمی بینک نے معاشی استحکام برقرار رکھنے، ساختی اصلاحات کو آگے بڑھانے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔