تازہ ترین

بلوچستان میں اگست کے بعد دہشت گردی کے واقعات میں کمی مثبت پیش رفت ہے، سرفراز بگٹی

0

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے میں انتظامی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے چھوٹے ڈویژنز اور اضلاع کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو سرکاری اداروں اور محکموں تک آسان رسائی دینے کے لیے انتظامی یونٹس کا چھوٹا ہونا ضروری ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے مخصوص حالات میں عوام کی دہلیز پر سرکاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے نئے انتظامی یونٹس کی ضرورت ہے۔

شمالی ڈیرہ بگٹی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کوہ سلیمان ڈویژن کی تمام ڈویژنل پوسٹوں کی منظوری دے دی گئی ہے اور ان پر افسران و عملے کی تعیناتی بہت جلد عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام سے عوام کو سول حکومت اور مختلف محکموں تک رسائی میں سہولت ملے گی۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام پر بحث اب شروع ہوئی ہے، تاہم انہوں نے یہ عمل دو سال قبل ہی شروع کردیا تھا۔ ان کے مطابق صوبے کی ضروریات اور زمینی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانا ہوگا تاکہ سرکاری ادارے عوام کو زیادہ مؤثر انداز میں خدمات فراہم کرسکیں۔

وزیراعلیٰ نے رکھنی میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی عمل کو کرپٹ مافیا اور کمیشن کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رکھنی میں ترقیاتی کام شروع ہوچکے ہیں اور اسے ایک مثالی ڈویژن بنانے کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔

سرفراز بگٹی نے گوادر میں فتنۃ الخوارج کے حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادر افواج، فرنٹیئر کور اور پولیس کی قربانیاں اور کارکردگی قابلِ فخر ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اگست کے بعد بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کے رجحان میں کمی آنا ایک مثبت پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی جرات مندانہ کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.