تازہ ترین

چھکے صرف مجھے نہیں، دنیا کے ہر بولر کو پڑتے ہیں، حارث رؤف

0

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے چھکے لگنے کے معاملے پر اپنے مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھکے صرف انہیں نہیں پڑتے بلکہ دنیا بھر کے ہر بولر کو بیٹنگ کے دوران چھکے لگتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور فاسٹ بولر ان کی بنیادی ذمہ داری وکٹیں حاصل کرنا ہے، جس کے لیے رفتار بھی اہمیت رکھتی ہے۔

لاہور میں ٹیم پریکٹس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے انہیں اپنی فٹنس اور ردھم بہتر بنانے کا موقع ملا ہے۔ ان کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے لیے زیادہ فٹنس درکار ہوتی ہے اور ماضی میں ان کی فٹنس ایسی نہیں تھی کہ وہ ٹیسٹ میچز میں بہتر کارکردگی دکھا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرنے کے منتظر ہیں۔

قومی فاسٹ بولر نے سہ ملکی سیریز کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے مجموعی طور پر بہت اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔ ان کے مطابق لاہور کی پچ تازہ محسوس ہورہی ہے اور یہاں بولرز کو بھی مدد مل سکتی ہے۔

حارث رؤف نے 25 اکتوبر کو بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے کھیلے جانے والے میچ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کو سپورٹ کرنا چاہیے۔

آئی سی سی ایونٹس میں ٹیم کی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو زیادہ رنز بنانے کے ساتھ حریف ٹیم کو بڑا اسکور کرنے سے روکنے پر بھی توجہ دینا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ 34 اوورز کے بعد گیند تبدیل ہونے سے بولنگ سائیڈ کی کارکردگی پر فرق پڑتا ہے، جبکہ مڈل اوورز میں وکٹیں حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے۔

حارث رؤف نے شاہین آفریدی کے ساتھ بولنگ کرنے کے تجربے کو خوشگوار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شان ٹیٹ پہلے بھی ٹیم کے ساتھ کام کرچکے ہیں اور ان کی موجودگی سے فائدہ حاصل ہورہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.