تازہ ترین

وزیراعظم نے 2027ء کے لیے گندم کی مجوزہ قیمت 4,500 روپے فی من مقرر کردی

0

اسلام آباد: حکومت نے کسانوں کو بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت اور مہنگائی کے دباؤ سے ریلیف دینے کے لیے 2027ء کی گندم کی مجوزہ قیمت 4,500 روپے فی من مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کے مطابق نئی مجوزہ قیمت گزشتہ سال کے مقابلے میں 1,000 روپے فی من زیادہ ہے، جس کا مقصد کسانوں کو گندم کی کاشت کی جانب راغب کرنا اور مقامی پیداوار کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق گزشتہ سال گندم کی قیمت 3,500 روپے فی من مقرر کی گئی تھی، جبکہ اب اسے بڑھا کر 4,500 روپے فی من کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس طرح فی من قیمت میں ایک ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے اس فیصلے کے لیے مشاورتی عمل میں تعاون اور قابلِ قدر تجاویز پیش کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ گندم کی مجوزہ قیمت میں اضافے کا مقصد کسانوں کو پیداواری لاگت میں اضافے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی کے دباؤ سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اس اقدام کا ایک اہم مقصد کسانوں کو گندم کی کاشت کے لیے مؤثر ترغیب دینا بھی ہے۔

وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ نئی مجوزہ قیمت سے کسانوں کو اپنی پیداواری لاگت پوری کرنے اور مناسب منافع حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کے مطابق گزشتہ برسوں کے دوران مہنگائی اور زرعی اخراجات میں اضافے نے کسانوں کے لیے مالی مشکلات پیدا کی ہیں، جبکہ پاکستان کو گزشتہ دو برسوں میں گندم درآمد بھی کرنا پڑی۔

وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق گندم کی مجوزہ قیمت میں اضافہ ملکی غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے، مقامی پیداوار کی حوصلہ افزائی اور زرعی شعبے میں استحکام لانے کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوسکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.